گورنمنٹ گریجوایٹ کالج میں سیرامکس، تصاویری اور خطاطی بارے ایک روزہ نمائش کا انعقاد

جہلم: گورنمنٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین میں فائن آرٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سیرامکس، تصاویری اور خطاطی بارے ایک روزہ نمائش کا انعقاد کیا گیا۔
نمائش کا افتتاح کالج کی پرنسپل غزالہ یاسمین نے کیا، فائن آرٹس کی نمائش کو دیکھنے کے لئے کالج کی طالبات سمیت اساتذہ کرام، فارغ التحصیل طالبات اور ان کے والدین نے بھی بھرپور شرکت کی، نمائش میں پاکستانی ورثے سے متعلق سیرامکس، پینٹنگ سمیت خطاطی کو نمایاں کیا گیا۔
اس موقع پر انچارج فائن آرٹس ڈیپارٹمنٹ مس اقراء توقیر کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین کی طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لئے بھرپور محنت کی گئی ہے۔ یہ نمائش پاکستانی کلچرز اور پاکستان کی تاریخی عمارات کو پینٹنگ، ڈرائنگ اور سیرامکس ریلیف کی شکل میں ظاہر کرتی ہے۔
اس موقع پر فن پاروں کو دیکھنے کے لئے آنے والے معزز مہمانوں نے خوب داد دی اور طالبات کے کام کو سراہا۔