ملکی تاریخ میں 9 مئی یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ چوہدری لال حسین

جہلم: چوہدری لال حسین نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں 9 مئی یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا کیونکہ یہ وہ دن ہے جس دن اقتدار کی ہوس میں بھوکی ایک سیاسی جماعت نے بدعنوانی کے الزام میں ایک نام نہاد شخص کو بچانے کیلئے پورے ملک میں آگ کی ہولی کھیلی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما سابق ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری لال حسین نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انتہائی بیدردی سے ملکی وقومی املاک اور عوام کے اثاثوں کو نذرآتش کرنے کے ساتھ ساتھ لوٹ مار کے ریکارڈ قائم کئے جو سب ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا، قومی وریاستی املاک اور عوام کی جان ومال کو نقصان پہنچانا سیاسی جماعت و کارکنوں کا وطیرہ نہیں ہوسکتا ، ملک اس وقت سخت معاشی بحران سے دوچار ہے اور رہی سہی کسر 9 مئی کے پرتشدد واقعات نے پوری کردی۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج پاک وطن کے سچے او رغیور جذبوں کی پاسبان ہے، ملک وقوم کی حفاظت امن و امان کے قیام کیلئے پاک فوج کی قربانیاں سنہرے حروف میں لکھنے کے مترادف ہیں، پاک فوج کے ہزاروں شہداء اور غازیوں نے ملک کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔