جہلم شہر کی سڑکوں کا آوارہ مویشیوں نے سرسبزو شاداب پودوں کا حلیہ بگاڑ کے رکھ دیا

جہلم: اندرون شہر کی سڑکوں کا آوارہ مویشیوں نے سرسبزو شاداب پودوں کا حلیہ بگاڑ کے رکھ دیا، ڈپٹی کمشنر کا اندرون شہر سے مویشی باڑے ختم کرنے کے دعوے بھی ہوا ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق شہر کی سڑکوں کے دونوں اطراف سابق حکومت کی طرف سے لگائے جانے والے پھلدار، پھولدار، سایہ دار پودے آوارہ مویشیوں کی خوراک بننے لگے جبکہ متعدد پودے انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث اور مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکے ہیں، سول لائن روڈپر سول کلب کے باہر سبزی، فروٹ فروشوں نے لوڈر رکشے کھڑے کرکے پودوں کی تہس نہس کردی ہے، میونسپل کمیٹی کا عملہ سب کچھ جاننے کے باوجود خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہا ہے۔
شہری تنظیموں کے عمائدین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ماضی میں شہر کی سڑکوں پر گھومنے والے پالتو آوارہ مویشیوں کو پکڑ کر میونسپل کمیٹی کی پھاٹک میں بند کر دیا جاتا تھا اور مویشی مالکان کو بھاری جرمانے عائد کر دیئے جاتے تھے تا کہ مویشی باڑوں کے مالکان مویشیوں کو باڑوں تک محدود رکھیں۔
یہ نظام موجودہ ڈپٹی کمشنر نے تبدیل کرکے مویشی مالکان کو سختی سے ہدایت جاری کی کہ مویشی مالکان اپنے مویشیوں کو شہر سے باہر ویران علاقوں میں منتقل کریں اور سڑکوں پر مٹر گشت کرنے والے آوارہ مویشیوں کے لئے مشین محلہ میں مویشیوں کا پھاٹک قائم کیا گیا لیکن میونسپل کمیٹی کے متعلقہ ذمہ داران نے سڑکوں پر آوارہ گھومنے والے مویشیوں کو پھاٹک بند کرنے کی بجائے ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر گامزن ہیں۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر، ایڈمنسٹر میونسپل کمیٹی، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر میں قائم مویشی باڑوں کو شہر سے باہر ویران جگہوں پر منتقل کرنے کے لئے جاری احکامات پر عملدرآمد کروایا جائے تاکہ اندرون شہر کے گلی محلوں میں جانورو ں کے فضلے سے پھیلنے والے جراثیم اور گندگی کا خاتمہ اور سڑکوں پر لگائے گئے پودے محفوظ رہ سکیں۔