مہنگائی نے عوام پر قیامت ڈھا دی، بنیادی ضروریات زندگی کی اشیاء خریدنے سے بھی قاصر

جہلم: مہنگائی نے عوام پر قیامت ڈھا دی، بنیادی ضروریات زندگی کی اشیاء خریدنے سے بھی عوام قاصر، حکومت بدلنے کے باوجود بھی اگر عوام کو ریلیف حاصل نہیں تو عوام کہاں جائیں، عوامی حلقے سراپا احتجاج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر مہنگائی کی لہر نے ضلع بھر کے عوام کو اپنی گرفت میں لے کر بنیادی ضروریات زندگی کی اشیاء کو بھی عوام سے کوسوں میل دور دھکیل دیا ہے۔ چینی، آٹا، دودھ، دہی، انڈے، گوشت، سبزیاں، دالیں، پھل وغیرہ غرض کہ زندگی کی بنیادی اشیاء خوردنوش کے نرخوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، عوام فروٹ تو درکنار ہانڈی بنانے سے بھی قاصر نظر آتے ہیں۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کو اگر کنٹرول نہ کیا گیا تو عوام کے لئے ایک وقت کے کھانے کا حصول بھی ناممکن ہو کر رہ جائے گا، امراء کو مہنگائی کا فرق نہیں پڑتا لیکن غرباء جو پہلے ہی حالات کے ستائے ہوئے اور محدود بجٹ کی بدولت مشکلات کا شکار ہیں ان پر مہنگائی قیامت بن کر ٹوٹ پڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی موجود لہر کو فوری کنٹرول کیا جائے اور اشیاء خوردونوش کے نرخوں کو 2020 کے نرخوں پر واپس لایاجائے تاکہ غریب سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد خودکشیاں کرنے کی بجائے اپنے بیوی بچوں کو 2 وقت کی روکھی سوکھی روٹی مہیا کر سکیں۔