گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی شہری گیسٹرو کا شکار ہونے لگے

جہلم: گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی شہری گیسٹرو کا شکار ہونے لگے، گیسٹرو سے بچاؤ کے لئے پانی ابال کر استعمال کریں اور کھانے والی اشیاء ڈھانپ کر رکھیں۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹرفواد مجید چوہدری کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گرمی کے شروع ہوتے ہی شہریوں میں گیسٹروکے مرض میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔ روزانہ کی بنیاد پر درجنوں مریض گیسٹرو کے مرض میں مبتلا ہو کر سرکاری ہسپتالوں کا رخ کررہے ہیں ، جس کے سبب روزانہ 30 سے 35 افراد گیسٹروکا شکار ہو کر ہسپتال پہنچ رہے ہیں، جن میں زیادہ تر تعدادبزرگوں اور چھوٹے بچوں کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مرض پر قابو پانے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیارکریں جن میں پانی ابال کر استعمال کریں، کھانے پینے والی اشیاء کو ڈھانپ کر رکھیں، مکھیوں اور مچھروں کے باعث جراثیم پھیلتے ہیں۔ ان احتیاطی تدابیر سے مہلک امراض سے بچا جا سکتا ہے۔