گرین بیلٹ کے اردگرد ناجائز تجاوزات کی بھرمار، بااثر افراد نے پختہ تعمیرات شروع کر دیں

جہلم: گرین بیلٹ کے اردگرد ناجائز تجاوزات کی بھرمار ، بااثر افراد نے انتظامیہ کی سرپرستی میں پختہ تعمیرات شروع کر دیں۔ شہری تنظیمیں سراپا احتجاج، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق دریائے جہلم کے کنارے شہر کو محفوظ بنانے کے لئے تعمیر ہونے والی گرین بیلٹ کے اردگرد بااثر افراد نے انتظامیہ کی سرپرستی میں پختہ تعمیرات شروع کررکھی ہیں ۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ محکمہ انہار نے کئی سال قبل گرین بیلٹ کی تعمیر کیوجہ سے مکینوں کو جگہ کا معاوضہ ادا کر دیا تھا، کئی سال گرین بیلٹ تعمیر نہ ہونے کیوجہ سے معاوضہ حاصل کرنے والے افراد نے دوبارہ سے قبضے کرنا شروع کر دیئے، اس طرح دریائے جہلم کے کنارے تعمیر ہونے والی گرین بیلٹ پر اس وقت درجنوں بااثر افراد نے قبضے کرکے پختہ تعمیرات شروع کررکھی ہیں۔
شہری تنظیموں نے کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ دریائے جہلم سے ملحقہ گرین بیلٹ پر قائم ہونے والی تجاوزات کے خاتمے کے لئے بلا تفریق آپریشن کروایا جائے اور محکمہ انہار کی سرکاری اراضی کو واگزار کرواکے خار دار تاریں لگوائی جائیں تاکہ کوئی بھی بااثر شخص سیاسی یا سرکاری سرپرستی کیوجہ سے قابض نہ ہو سکے اور دریائے جہلم کی خوبصورتی اور شہر کو محفوظ بنانے کے لئے تعمیر کی گئی گرین بیلٹ محفوظ اور برقرار رہے سکے ۔