آئین اور قانون کے تحفظ کیلئے عمران خان کی قیادت میں پوری قوم یکجا ہے۔ فراز چوہدری

0 87

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری فراز حسین چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی ہدایت پر عدلیہ بچاؤ تحریک میں ضلع جہلم کی عوام کی بھرپور شرکت اس امر کا ثبوت ہے کہ جمہور کی واضح اکثریت اپنی عدلیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ آئین اور قانون کے تحفظ کیلئے عمران خان کی قیادت میں پوری قوم یکجا ہے۔

گزشتہ شب عدلیہ بچاؤ ریلی کے بعد شرکاء کا شکر یہ ادا کرتے ہوئے چوہدری فراز حسین نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے قومی مفادات کا تحفظ اس طریقے سے کرتی ہیں۔ عمران خان کی ہدایت پر نہ صرف ضلع جہلم کے مختلف شہروں، قصبوں، دیہات میں ریلیاں نکالی گئیں بلکہ اندرون شہر کے گلی محلوں سے بھی نوجوان، بزرگ، خواتین گھروں سے باہر نکل کر عدلیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے دکھائی دیئے، عوام کا عمران خان کی کال پر اس طرح نکلنا آئین، قانون اور انصاف کے ساتھ ساتھ ملک کے وسیع مفادات کے تحفظ کی بہترین مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی عدالت کے فیصلے کے ڈر سے پی ڈی ایم جماعتوں کے امپورٹڈ حکمران نہ صرف آئین کو پامال کررہے ہیں بلکہ وہ عدلیہ کو بھی کمزور کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

چوہدری فراز حسین نے کہا کہ پاکستان کے عوام پی ڈی ایم حکومت کو آئین کے خلاف کوئی کام کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، عوام سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح اپنی عدلیہ اور دیگر قومی اداروں کی پشت پر کھڑے ہیں۔ حکمران ہوش کے ناخن لے کرانتخابات کروائیں جو ملک و قوم کے مفاد میں ہے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.