جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں عالمی یوم فائر فائٹرز کے حوالہ سے سیمینار کا انعقاد

جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں عالمی یوم فائر فائٹرز کے حوالہ سے سیمینار کا انعقاد، صدر جے سی سی آئی ملک خاور شہزاد اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم ریسکیو 1122 انجینئر سعید احمد کا فائر فائٹرز شہداء کو خراج تحسین اور ریسکیو 1122 کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ، سیمینار میں جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران ، عہدہ داران کے علاوہ سول سوسائٹی، صحافیوں و دیگر مکاتبِ فکر کی بھر پور شرکت۔
تفصیلات کے مطابق عالمی یومِ فائر فائٹرز کے موقع پر جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پنجاب ریسکیو سروسز ریسکیو 1122 جہلم کے اشتراک سے جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نیر افتخار قریشی ہال میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایگزیکٹو باڈی کے عہدیداران و اراکین کے علاوہ صحافیوں اور دیگر مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی شرکت کی اس کے علاوہ ریسکیو 1122 کے جوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔
صدر جے سی سی آئی ملک خاور شہزاد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں ریسکیو 1122 کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے فرائض کی ادائیگی میں دوسروں کی جان و مال کو بچانے کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے، حادثات سے بچنے کیلئے ہم سب کو مل کر ٹھوس اقدامات اٹھانا ہوں گے اور نئی عمارات میں فائر سیفٹی کے حوالہ سے پنجاب ریسکیو سروسز کی ہدایات اور قوانین پر عمل کرنا ہو گا تا کہ ان جانی و مالی حادثات سے مکمل طور پر بچا جا سکے، اس سلسلہ میں عوام کو بھی تعاون کرنا ہو گا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم انجینئر سعید احمد نے سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا دائرہ پنجاب تک ہی ہے میں اپنے جانباز فائر فائٹرز کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے کھربوں روپے کی املاک کو نقصان سے بچایا بلکہ اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے جام شہادت نوش کیا، جہلم کی چاروں تحصیلوں میں ریسکیو 1122 کے سینٹر ورکنگ ہیں ٹریننگ اور مانیٹرنگ کا عمل بھر پور ہے ہمارا ہر ایک جوان اپنی ڈیوٹی پر ہر وقت چوکس رہتا ہے تا کہ کسی بھی قسم کے حادثات اور قدرتی آفات سے نمٹا جا سکے۔
سیمینار کے شرکاء میں سینئیر نائب صدر جے سی سی آئی مظہر اکرم، نائب صدر حافظ غلام مصطفیٰ، راجہ محمد انور، ڈاکٹر کوثر ناہید، سابق صدر جے سی سی آئی عمر مشتاق برگٹ، راجہ سجاد اختر، چودھری سہیل عزیز، آفتاب ساہی، نوید اعظم، زاہد چوہان، شیخ عبدالاسلام، راجہ طلعت محمود،ملک سرفراز، میاں ادریس کیانی، ڈاکٹر ظہیر احمد بٹ، راجہ عبدالرحمن جنجوعہ، سیکرٹری جنرل اسامہ راشد ڈار، حمزہ خلیل و دیگر شامل تھے۔