محکمہ صحت اور میونسپل کمیٹی جہلم کے باہمی اشتراک سے انسداد ڈینگی مہم مکمل طور پر ناکام

جہلم: شہر کی سڑکوں کے کنارے گندگی کے انبار غلیظ پانی کے جوھڑ مچھروں، مکھیوں اور موذی امراض کے پھیلاؤ کا ذریعہ بن رہے ہیں۔
دوسری طرف محکمہ صحت اور میونسپل کمیٹی کے باہمی اشتراک سے انسداد ڈینگی مہم مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے شہر کی سڑکوں اور جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف گندگی اور کوڑا کرکٹ کے انبار اور مدتوں سے سڑک کنارے موجود نالوں میں کھڑا غلیظ ، بدبو دار پانی مقامی آبادیوں کے لئے مستقل درد سر بن چکا ہے ۔
غلیظ ، بدبو دار پانی اور کچرے کے ڈھیروں سے اٹھنے والے تعفن کیوجہ سے شہریوں کا سانس لینا بھی دوبھر ہو چکا ہے ، جبکہ اس آلودہ ماحول کیوجہ سے مکھی، مچھر وں کی وجہ سے موذی امراض کے شکارسینکڑوں شہریوں پر مشتمل آبادیاں یرقان ،معدہ پیٹ اور انتڑیوں ، ٹائیفائیڈ، ملیریا، سانس سمیت دیگر مہلک امراض میں گر چکی ہیں۔
علاقہ کے سماجی، مذہبی، کاروباری حلقوں نے کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنرسمیت متعلقہ ذمہ داران سے مطالبہ کیا ہے کہ نوٹس لیکر اندرون شہر اور جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف لگے گندگی کے ڈھیر اٹھوائے جائیں ، جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف نکاسی آب کے لئے بنائے گئے نالوں کی صفائی ستھرائی کا کام مستقل بنیادوں پر کروایا جائے تاکہ شہری موذی بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔