بیماروں سے پاک معاشرہ قائم کرنا ایک اجتماعی مقصد ہے۔ ڈاکٹر نعیم اختر

جہلم: ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیر اہتمام ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات 24 سے 30 اپریل تک ضلع بھر میں بھر پور انداز میں منایا جارہا ہے۔ عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات کی آگاہی کیلئے محکمہ صحت کے زیر اہتمام آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات کی آگاہی سیمینار میں سینئر ڈاکٹرز سمیت محکمہ صحت کے افسران و اہلکاران نے بھرپور شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر نعیم اختر، ڈاکٹر محمد وسیم نے علماء، اساتذہ کرام اور سماجی شخصیات سے اپیل کی کہ قیمتی انسانی جانیں بچانے میں حفاظتی ٹیکوں کے لگوانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے لوگوں کو شعور دیں۔
عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات کے حوالہ سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر نعیم اختر نے کہا کہ بیماروں سے پاک معاشرہ قائم کرنا ایک اجتماعی مقصد ہے جس کے لئے سب طبقات غیر مشروط تعاون کریں۔ ہر سال تین کروڑ 80 لاکھ بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم شروع کی جاتی ہے جس میں بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگائے جاتے ہیں۔
ڈاکٹر محمد وسیم نے کہا کہ عالمی حفاظتی ٹیکوں کا ہفتہ ایک یاد دہانی ہے کہ بروقت ویکسینیشن متعدی بیماریوں کے خلاف دفاع کی پہلی لائن ہے۔
انہوں نے کہاکہ حفاظتی ٹیکے ہر سال لاکھوں جانوں کو بچاتے ہیں، خاص طور پر ان بچوں کی جو کم قوت مدافعت کی وجہ سے زیادہ حساس ہوتے ہیں۔ ویکسینیشن ایک محفوظ اور موثر طریقہ ہے جس سے ان کی صحت برقرار رہنے، ترقی کی منازل طے کرنے اور زندگی میں اپنی پوری صلاحیتیں منوانے کا موقع ملتا ہے ۔