حکومت مہنگائی کے پیش نظر یکم مئی کو تنخواہوں میں سو فیصد اضافے کا اعلان کرے۔ حاجی افضل بلوچ

جہلم کے معروف لیبر لیڈر حاجی محمد افضل بلوچ نے وزیر خزانہ سینٹر اسحاق ڈار اور وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ بڑھتی ہوئی اور نا قابل برداشت مہنگائی کے پیش نظر یکم مئی کو تنخواہوں میں سو فیصد اضافے کا اعلان کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم مئی کے حوالے سے منعقدہ محنت کشوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ افراط ِزر مہنگائی بیروزگاری، نئی بھرتی پر پابندی۔ یوٹیلیٹی بلز ،سکولز کی فیسیں اور بیماریوں نے مزدور محنت کشوں اور غریبوں کی زندگیوں میں مسائل و مشکلات کا سرخ دائرہ لگا دیا ہے ، سفید پوشی کا بھرم ٹوٹ رہا ہے۔
حاجی محمد افضل بلوچ نے کہا کہ وفاقی حکومت صنعتی یونٹس کی نجکاری کے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کیساتھ ساتھ1 سے 14 گریڈ تک کے ملازمین کی تنخواہوں کو1 تولہ سونے کے برابر کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی 300 فیصد تک بڑھ چکی ہے جب کہ تنخواہیں جوں کی توں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر محنت کشوں کی مہنگائی کے مطابق سر پرستی ہوتی رہے تو پریشانیوں اور آلام کے بادل چھٹے رہتے ۔ گزشتہ دس سالوں سے سرکاری محکموں میں نئی بھرتیاں نہیں ہوئی، آبادی میں غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے ۔ صارفین تین گنا زیادہ ہو گئے جب کہ ملازمین کی تعداد بہت کم ہے۔ اس کمی کے باوجود سرکاری محکموں کے ملازمین خدمات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ محنت کشوں کے بچوں کو سرکاری محکموں میں بھرتی کے لیے گریجویشن کی شرط ختم کر کے اسے مڈل کر دیا جائے تو تازہ دم نو جوان سرکاری محکموں میں بہتر انداز میں خدمات سرانجام دے سکتے ہیں اور اس عمل سے مسائل بڑی حد تک کم ہو سکتے ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کل یکم مئی کو حسب سابق روایت سرکاری محکموں کے ملازمین ضلع کچہری سے پریس کلب تک پر امن ریلی نکالیں گے اور اپنے حقوق کے لئے آواز بلند کریں گے۔