ضلع جہلم میں عطائیت کا کارروبار جاری، نان کوالیفائیڈ عملہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے میں مصروف

0 86

جہلم: ضلع بھر میں عطائیت کا کارروبار جاری ، پرائیویٹ ہسپتالوں میں نان کوالیفائیڈ عملہ چند ہزار روپے کی خاطر انسانی زندگیوں سے کھیلنے میں مصروف، انجیکشن لگانے کے لئے پرائیویٹ ہسپتالوں میں مریضوں کے بازوں کو چھلنی کرنا معمول بن گیا، چیختے چلاتے مریض بے بسی کی تصویر بن کر رہ گئے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں عطائیت کا دھندہ تمام تر فرضی چھاپوں اور دکانیں سیل کرنے کے باوجود جاری وساری ہے نجی ہسپتالوں میں نا تجربہ کار عملہ مریضوں کی زندگیوں سے کھیلنے میں مصروف ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی بھی سب اچھا ہے کی رپورٹس بنا کر اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برا ہو جاتی ہے۔

مریض ہسپتالوں میں تختہ مشق بنے ہوئے ہیں اور ان کاکوئی پرسان حال نہیں، جہاں سہولیات کے نہ ہونے کا رونا رویا جاتا ہے وہاں مریضوں کو سرکاری ہسپتالوں سے پرائیویٹ ہسپتالوں میں منتقل کرنے کی باضابطہ کمیشن ادا کی جاتی ہے۔

پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن بھی عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کاغذی کارروائیوں میں مصروف عمل ہے اس وقت ضلع بھر میں درجنوں عطائی ڈاکٹرز دیدہ دلری کے ساتھ شیشہ نما ہسپتال بنا کر سادہ لوح شہریوں پر تجربات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ مقامی انتظامیہ سب کچھ جاننے کے باوجود خاموش تماشائی کا کردارادا کررہی ہے۔

شہری تنظیموں کے عمائدین نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب، محسن نقوی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.