ملکی اداروں کا ایک دوسرے کے مقابل کھڑا ہونا افسوسناک ہے۔ لیاقت بلوچ

جہلم: مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ملکی اداروں کا ایک دوسرے کے مقابل کھڑا ہونا افسوسناک ہے۔ یہ المیہ ہے کہ سیاستدان سیاسی مسائل حل نہیں کر پارہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ اگر سیاستدانوں نے انا ضد اور ہٹ دھرمی کو قائم رکھا تو اس سے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کو سیاسی بحرانوں سے نکالنے کے لئے قومی قیادت کے ساتھ رابطہ شروع کر رکھا ہے۔ اس ضمن میں عمران خان، وزیر اعظم شہباز شریف اور شجاعت حسین سے ملاقاتیں کی جاچکی ہیں جبکہ آصف علی زرداری سے بھی جلد ملاقات متوقع ہے۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سمیت دیگر عہدیداران کی کثیر تعداد موجود تھی۔