زائد کرایہ جات وصول کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: عید الفطر کے موقع پر مسافروں سے زائد کرایہ جات کی وصولی کی شکایات پر ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کا جنرل بس سٹینڈ کا دورہ، مسافروں سے زائد کرایہ جات وصولی بارے آگاہی حاصل کی۔
تفصیلات کے مطابق عید الفطر کے موقع پر آبائی علاقوں کو جانے والے مسافروں سے زائد کرایہ جات وصولی کی شکایات پر ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے علی الصبح جنرل بس سٹینڈ کا دورہ کیا اور اس حوالے سے ٹرانسپورٹرز اور مسافروں سے فرداً فرداً معلومات حاصل کیں۔ اڈہ منیجر اور منشیوں سے مختلف علاقوں کے سرکاری کرائے اور وصول کئے جانے والے کرائے معلوم کئے۔
ڈپٹی کمشنر نے سیکرٹری ڈی آر ٹی اے کو مقررہ کرایہ جات کو واضح طور فلیکس بنوا کر آویزاں کروانے اور تمام گاڑیوں میں ریٹ لسٹ لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زائد کرایہ جات وصول کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے، گاڑی کو ضبط کرنے کے ساتھ عملے کو حراست میں لیا جائے۔
انہوں نے بس سٹینڈ کی صفائی بہتر بنانے اور مسافروں کے لئے انتظار گاہ بنانے کے لیے کنٹونمنٹ بورڈ حکام کو مطلع کرنے کی ہدایت جاری کیں۔
ادھر ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کے حکم پر جہلم ٹریفک پولیس عید کے موقع پر شہریوں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کو چیک کر کے قانونی کارروائی عمل میں لا رہی ہے۔
زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کو بھاری جرمانے کیے جائیں گے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،اڈا مالکان اور ٹھیکیداروں کو کرایہ نامہ چارٹس آویزاں کرنے کی ہدایت کی۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے قانونی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔