چینی کا نرخ 95 روپے فی کلو گرام مقررہونے کے بعد بااثر دکانداروں نے چینی غائب کر دی

جہلم: وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی طرف سے چینی کا نرخ 95 روپے فی کلو گرام مقررہونے کے بعد شہر سمیت گردونواح کی دکانوں سے بااثر دکانداروں نے چینی غائب کر دی۔
جہلم شہر سمیت ضلع بھر کے علاقوں میں چینی بلیک میں 110 سے 120 روپے فی کلو تک فروخت کی جارہی ہے ،وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے 2 یوم قبل چینی کی قیمت 95 روپے فی کلو گرام مقر ر کئے جانے کے بعد ضلعی انتظامیہ کی طرف سے صرف نرخ نامے جاری کئے گئے اس کے علاوہ کوئی عملی اقدامات نہیں کئے گئے۔
اندرون شہر اور ضلع بھر کے تاجروں اور دکانداروں نے ذخیرہ کی گئی چینی گوداموں سے محفوظ مقامات پر منتقل کر لی ہے اور اپنے مخصوص گاہکوں کو110 روپے فی کلو گرام کے حساب سے چینی فروخت کر رہے ہیں جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مقررہ نرخوں پر چینی فروخت کروانے میں بھی بری طرح ناکام دکھائی دیتے ہیں۔
بااثر تاجروں ، دکانداروں نے سینکڑوں ٹن چینی اپنی دکانوں سے محفوظ مقامات پر گوداموں میں منتقل کر لی ہے، مقامی انتظامیہ سب کچھ جاننے کے باوجود خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔