اداروں میں تصادم ملکی سلامتی کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔ چوہدری فراز حسین

جہلم: حکومت انتخابات کا ارادہ نہیں رکھتی اور ان کی ہٹ دھرمی ملک کو مزید عدم استحکام کی جانب دھکیل رہی ہے، اداروں میں تصادم ملکی سلامتی کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے،ملکی تاریخ میں ایسے حالات کبھی نہیں بنے جو آج دیکھے جا رہے ہیں ، تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں کو ملکی استحکام اور سلامتی کو اولین ترجیح پر رکھنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری فراز حسین نے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر چوہدری رضوان منور، خادم اللہ بٹ، چوہدری اعجاز، مرزا آصف، چوہدری تاج حسین، چوہدری وسیم وجاہت سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد موجودتھی۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی وطن عزیز کو سلامت رکھے، پی ٹی آئی کے خلاف ایک سال سے جاری انتقامی کارروائیاں، چھوٹے بڑے مقدمات کے اندراج اور گرفتاریوں نے پارٹی میں مزید نکھار پیدا کیا اور ور کرز کو پختہ کر دیا ہے جس سے برگر پارٹی کا لیبل بھی دھل گیاہے۔
چوہدری فراز حسین نے کہا کہ چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان اس مرتبہ ٹکٹس کی تقسیم کے حوالے سے انتہائی محتاط ہیں اور وہ جان چکے ہیں کہ انکی صفوں میں شامل ہو کر کن سیاستدانوں نے کرپشن کی اور مال بنایا۔ ہم بھی گزشتہ دور حکومت کے تین سال تک یہی شور مچاتے رہے کہ اگر کر پشن ختم کرنی ہے تو اپنی صفوں سے گندگی باہر نکال پھینکنی ہوگی اور اب عمران خان نے وہ کام شروع کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کے بیک ڈور رابطوں کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں چل رہا اور نہ ہی حکومت اس حوالے سے سنجیدہ نظر آتی ہے۔ عمران خان کسی کرپٹ سیاست دان کو اب اپنی ٹیم کا حصہ نہیں بننے دیں گے اور نہ کسی ایسے شخص کو ٹکٹ ملے گا یہاں تک کہ کوئی کرپٹ بارہواں کھلاڑی بھی کیوں نہ ہو، ہم کپتان کے اس مشن میں بھی انکے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔