ڈسٹرکٹ پبلک سکول جہلم کے شہریوں کے لیے بہترین تحفہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر سمیع اللہ فاروق

جہلم: ڈسٹرکٹ پبلک سکول جہلم کے شہریوں کے لیے بہترین تحفہ ہے متوسط طبقہ کے بچوں کو اعلی اور معیاری تعلیم انتہائی کم اخراجات میں مہیا کرنا ہمارا مشن ہے سکول کا ایک حصہ تقریباً مکمل ہوچکا ہے اسی ماہ کلاسز کا اجراء کیا جا رہا ہے۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے ڈسٹرکٹ پبلک اسکول کے ایڈمن بلاک کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں ممتاز مذہبی سکالر بابا عرفان الحق، سابق ایم پی اے چوہدری ندیم خادم، مسلم لیگ ن کور کمیٹی کے ممبر بلال اظہر کیانی، ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ سمیت افسران، میڈیا نمائندگان، بزنس کمیونٹی و دیگر نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متوسط اور نچلے طبقے کے بچوں میں بیش بہا ٹیلنٹ موجود ہے لیکن ان کو آگے بڑھنے کے لیے مناسب تعلیمی ادارے میسر نہ ہونے کی وجہ سے وہ زندگی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پبلک سکول کے قیام کی بنیادی سوچ یہی ہے کہ معاشی لحاظ سے کمزور خاندانوں کے بچوں کو ملک کے اعلی تعلیمی اداروں کے لیول کی تعلیم محدود اخراجات میں فراہم کی جا سکے۔ سکول کا ایک بلاک تکمیل کے قریب ہے جبکہ آج سے ہم ایڈمن بلاک کی تعمیر کا آغاز کر رہے ہیں جس کو انتہائی تیزی سے مکمل کیا جائے گا ڈسٹرکٹ پبلک سکول جہلم کے عوام کے لیے ایک خوبصورت اثاثہ ثابت ہو گا۔
تقریب سے ممتاز مذہبی سکالر بابا جی عرفان الحق، ڈی پی او جہلم اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور ڈسٹرکٹ پبلک سکول کی ضرورت و اہمیت پر روشنی ڈالی۔