امریکی قونصل جنرل کی وفد کے ہمراہ جہلم آمد، جہلم کی تاریخی و سیاحتی حیثیت بارے دلچسپی کا اظہار

جہلم: پاکستان میں امریکی قونصل جنرل ولیم میکانویل کی سربراہی میں وفد کی جہلم آمد، ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن(ر) سمیع اللہ فاروق سے ملاقات کی، وفد نے جہلم کی تاریخی و سیاحتی حیثیت بارے دلچسپی کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں امریکی قونصل جنرل ولیم میکانویل کی سربراہی میں وفد نے جہلم کا دورہ کیا ڈی سی دفتر پہنچنے پر ڈی سی جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے وفد کا استقبال کیا اور جہلم آمد پر خوش آمدید کہا جس کے بعد ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ساتھ ایک اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں ڈی سی جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جہلم حسان طارق، اے ڈی سی جی صبا سحر سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفد کو ضلع جہلم کی تاریخی و سیاحتی حیثیت، حدود اربعہ، تاریخی مقامات، جاری ترقیاتی منصوبوں بارے مفصل بریفنگ دی گئی۔
وفد کے ارکان نے ضلع جہلم کے تاریخی و سیاحتی مقامات اور جاری ترقیاتی منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
آخر میں ڈی سی جہلم کیپٹن ر سمیع اللہ فاروق نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قونصل جنرل ولیم میکانویل کو یادگاری سونیئر پیش کیا۔