جہلم شہر کو صاف ستھرا رکھنا شہریوں کی اولین ذمہ داری ہے۔ سماجی حلقے

جہلم: شہر کو صاف ستھرا رکھنا شہریوں کی اولین ذمہ داری ہے ، سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ اور آبادیوں میں پھیلی گندگی شہریوں میں عدم اعتماد اور اپنی ذمہ داریوں سے منہ موڑنے کی وجہ سے ہے ، شہریوں کو بھی اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی، مذہبی و شہری تنظیموں کے عمائدین نے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں پھیلی گندگی اور سڑکوں کی کھدائی کرکے اپنے گھروں تک پائپ لائنیں بچھانے کے بعد مکمل طریقے سے سیمنٹ نہ کرنے سے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہورہی ہیں جبکہ دکاندار سڑکوں پر پانی پھیلا دیتے ہیں جس کیوجہ سے سڑکیں گڑھوں میں تبدیل ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہیے، ضلعی انتظامیہ وقت پر اپنا کام تو کرتی ہیں لیکن اس کے بعد شہری آبادیوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کی وجہ سے مسائل پیدا ہوتے ہیں ، شہریوں کو چاہیے کہ گھروں کی گندگی پلاٹوں میں پھینکنے کی بجائے شہرکے مختلف مقامات پر قائم فلیتھ ڈپوؤں میں پھینکیں جس سے شہری آبادی گندگی سے پاک ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب گھروں تک پانی، گیس و سیوریج وغیرہ کی پائپ لائنیں بچھانے کی غرض سے گلی و سڑکوں کی توڑ پھوڑ کے بعد شہریوں کو چاہیے کہ ان کی تعمیر و مرمت بہتر انداز میں کریں تاکہ سڑکوں و گلیوں کی ٹوٹ پھوٹ نہ ہو سکے۔