رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع ہونے کو، سینکڑوں مرد و خواتین اعتکاف بیٹھیں گے

جہلم: رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع ہونے والا ہے، ضلع بھر میں سینکڑوں بزرگ، مرد و خواتین سمیت نوجوان 20 رمضان کو اعتکاف بیٹھیں گے، ضلع بھر کی مساجد اور گھروں میں اعتکاف کے حوالے سے خصوصی انتظامات مکمل کر لئے گئے۔ آخری عشرے کی طاق راتوں میں اللہ کے نیک بندے رات بھر اللہ کے حضور عبادت کرتے ہوئے اپنی حاجات و مناجات پیش کرتے ہیں۔
ضلعی ہیڈ کوارٹر جہلم میں مدنی مسجد ڈھوک جمعہ، گنبد والی مسجد، دربار سلیمان پارس، مسجد محلہ خانساماں، مسجد بابا کرم شاہ، معصوم مسجد، مدنی مسجد،شیخ قائم دین مسجد، ضلع کچہری مسجد جامع مسجد قباء پروفیسر کالونی، جامع مسجد ٹھیکریہ چک عبداللہ، مدنی مسجد کریم پورہ سمیت دیگر اندرون شہر و ملحقہ علاقوں کی تمام مساجد اور ضلع بھر کے تمام چھوٹے بڑے قصبوں دیہاتوں میں سینکڑوں کی تعداد میں شہری اعتکاف کے لئے بیٹھیں گے۔
آخری عشرے کا آغاز ہوتے ہی شہر سمیت مضافاتی علاقوں کی مساجد میں عبادات گزاروں کے رش میں غیر معمولی اضافہ ہو جاتا ہے، طاق راتوں میں خصوصی دعوت و تبلیغ کے پروگرام بھی منعقد کئے جاتے ہیں۔ ضلع جہلم کے تمام چھوٹے بڑے قصبوں، دیہاتوں کی مساجد میں لوگوں نے 20 رمضان المبارک کی شام مغرب کی نماز مسجدوں میں ادا کریں گے اور اعتکاف کا آغاز کر دیا جائے گا، عید الفطر کا چاند نظر آنے کے بعد اعتکاف ختم کر دیاجائے گا۔
جہلم شہر کی بڑی مسجدوں میں معتکفین کے لئے چندروز قبل ہی مسجد وں کی انتظامیہ نے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے، جامع مسجد دعوت اسلامی، ڈھوک جمعہ،جامع مسجد محلہ خانساماں، جامع مسجد دربار بابا سلیمان پارس، جامع مسجد بابا کرم شاہ، جامع مسجد ضلع کچہری، مدنی مسجد کریم پورہ میں گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی سینکڑوں سے زائد افراد اعتکاف کریں گے۔
مردوں کی طرح سینکڑوں خواتین اپنے گھروں میں اعتکاف کریں گی، جنہوں نے گھروں کے اندر شرعی پردے کا باقاعدہ بندوبست کر رکھا ہے، طاق راتوں میں مسلمان مرد و خواتین، بچوں سمیت خصوصی عبادات کرتے ہیں، اس دوران کشمیر، برماء، فلسطین، پاکستان سمیت دیگر خطوں کے مظلوم مسلمانوں کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔
آخری عشرہ کی طاق راتوں میں لیلۃ القدر کو تلاش کرنے کیلئے ضلع جہلم کے شہری پوری پوری رات اللہ کریم کے حضور عبادات کرتے ہوئے اپنی حاجات و مناجات پیش کرتے ہیں، اسطرح ضلع بھر میں موجود اولیاء کرام کے درباروں سے ملحقہ مساجد میں بھی سینکڑوں افراد اعتکاف کر یں گے۔