خاتون کو جنسی ہراساں کرنے کے جرم میں جہلم کے رہائشی کو 7 سال قید کی سزا

جہلم: برقی جرائم کی روک تھام کی خصوصی عدالت نے ایک برطانوی نژاد پاکستانی مرد کو ایک خاتون کو بلیک میل کرنے اور جنسی طور پر ہراساں کرنے کا مجرم قرار دیتے ہوئے 7 سال قید کی سزا سنادی۔
رپورٹ کے مطابق اسپیشل جج اعظم خان نے جہلم کے رہائشی اشفاق خلیل پر ایک لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔
استغاثہ کے مطابق مجرم نے سوشل میڈیا پر خاتون کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی تھیں۔
اس نے متاثرہ خاتون کے اہل خانہ کو قابل اعتراض مواد بھیج کر بلیک میل کرنا شروع کر دیا تھا۔
اس ضمن میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے گزشتہ سال جون میں شکایت درج کی تھی۔
بعدازاں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے اندراج کے بعد اسے حراست میں لے لیا گیا تھا۔
مجرم نے گرفتاری کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست دی تھی جسے مسترد کر دیا گیا۔