ضلع جہلم میں ریونیو افسران نے دفاتر منشیوں اور کلرکوں کے حوالے کر دیئے

جہلم: کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کی واضح ہدایات کو انتظامیہ نے ہوا میں اڑا دیا، ضلعی ہیڈ کوارٹر سمیت تحصیلوں میں ریونیو افسران کی عدم حاضری اور مفت آٹا تقسیم پوائنٹ پر ڈیوٹیاں لگائے جانے کی وجہ سے سائلین مشکلات کا شکار ہو گئے، دفاتر منشیوں اور کلرکوں کے حوالے کر دیئے گئے۔
رپورٹ کے مطابق کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے جہلم شہر سمیت چاروں تحصیلوں کے دفاتر میں افسران اور اہلکاروں کو مقررہ دفتری اوقات کی پابندی کرنے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں لیکن تحصیلوں میں کوئی بھی ریونیو افسر موجود نہیں ہوتا۔
اکثراوقات دفاتر میں درجہ چہارم کے ملازمین نشستوں پر براجمان دکھائی دیتے ہیں اور دروازوں پر ہاتھوں سے لکھ کر لگادیا جاتا ہے کہ متعلقہ افسران مفت آٹا تقسیم کرنے کے پوائنٹس پر موجود ہیں۔ اس لئے سائلین ماتحت عملے کو تنگ نہ کریں ۔ رمضان المبارک میں دور دراز سے تحصیلوں کے دفاتر میں آنے والے سائلین بغیر کام کے ہی مایوس ہو کر واپس گھروں کو لوٹ جاتے ہیں ۔
تحصیل دفاتر میں آنے والے سائلین کا کہنا تھا کہ کمشنر اس بات کا نوٹس لیں تا کہ سائلین کو پیش آنے والی مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔