رمضان المبارک میں پیشہ ور گداگروں اور بھکاریوں نے شہریوں کا سکون غارت کر دیا

جہلم: رمضان المبارک میں پیشہ ور گداگروں اور بھکاریوں نے شہریوں کا سکون غارت کردیا، شہری سراپا احتجاج، ڈی پی او سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق شہر و گردونواح میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں پیشہ ور گدا گروں اور بھکاریوں نے مختلف روپ میں تجارتی مراکز رہائشی علاقوں سمیت سڑکوں پر خود کو معذور ظاہر کرکے مختلف طریقوں سے رقم بٹورنا شروع کر رکھی ہے جبکہ مردوں کے ساتھ ساتھ نقاب پوش عورتیں معصوم بچوں کو جعلی زخم اور مرہم پٹی کرکے زبردستی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو جاتی ہیں، گھروں میں رہنے والے بچے بہروپیا نما بھکاریوں کے خوف کی وجہ سے گلی محلوں میں کھیلنے سے بھی قاصر ہیں۔
ذرائع کے مطابق متعدد بھکاریوں کو رکشوں اور موٹر سائیکلوں پر پبلک مقامات پر چھوڑجاتے ہیں اور مقررہ وقت پر واپس اٹھا لیا جاتا ہے جبکہ گلی محلوں میں خوبرو بھکارنیں نوجوانوں کو اپنے جال میں پھنسا کر بلیک میلنگ کے ذریعے پیسے بٹورتی دکھائی دیتی ہیں، اکثر بھیک مانگنے والے بھکاری شہریوں سے صدقہ، خیرات نہ ملنے پر مختلف طریقوں سے پھونکیں مار کر بددعائیں دینے سے بھی گریز نہیں کرتے جس کی وجہ سے شہری ان کے خود ساختہ عمل کی وجہ سے سخت اذیت سے دوچار ہیں۔
شہری، سماجی، رفاعی، فلاحی، مذہبی تنظیموں کے عمائدین نے ڈی پی او ، قائم مقام ڈی ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیا ہے کہ جعلی بھکاریوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کلین اپ کیا جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔