جہلم شہرمیں سٹریٹ لائٹس کا نظام درہم برہم، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

جہلم: اندرون شہرمیں سٹریٹ لائٹس کا نظام درہم برہم، اندرون شہر اور جی ٹی روڈ رات کو لائٹس آن نہ ہونے کی وجہ سے تاریکی میں ڈوب جاتی ہے عرصہ دراز سے سٹریٹ لائٹس خراب ہونے کے باعث بند پڑی ہیں لیکن میونسپل کمیٹی نے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ادوار سے لیکر اب تک سٹریٹ لائٹس کی مد میں کروڑوں روپے کا بجٹ منظور اور کاغذوں میں خرچ کیا جاتا ہے لیکن عملی طور پر شہر کی سٹریٹ لائٹس کا نظام بری طرح متاثر ہے۔ اب صورتحال یہ ہے کہ اندرون شہر کی سڑکوں سمیت جی ٹی روڈ اور مجاہدآباد پل پر نصب لاکھوں روپے کی سٹریٹ لائٹس خراب پڑی ہیں۔
اندرون شہر کی سڑکوں سمیت ضلع کچہری میں گزشتہ سال نئی نصب کی جانے والی سٹریٹ لائٹس بھی چند ماہ بعد ہی خراب ہو گئیں اور اس وقت درجنوں سٹریٹ لائٹس بند پڑی ہیں جس کے باعث ضعیف العمر افراد، نمازیوں، خواتین اور چھوٹے چھوٹے معصوم بچوں کو سخت دشواری کا سامناکرنا پڑتا ہے۔
اس حوالے سے میونسپل کمیٹی انتظامیہ کو شہریوں کی جانب سے متعدد مرتبہ تحریری و زبانی طور پر آگاہ کیا گیا کہ سٹریٹ لائٹس کا نظام بہتر بنایا جائے لیکن میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران اس جانب توجہ نہیں دے رہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ لاکھوں کروڑوں روپے اکٹھے کرنے والے ادارے میونسپل کمیٹی کو شہریوں کی بنیادی سہولیات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ شہری حکومتی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔