امپورٹڈ حکمران کرسی بچانے کے لئے سارے کھیل کھیل رہے ہیں۔ چوہدری فراز حسین

0 83

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری فراز حسین نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکمران کرسی بچانے کے لئے سارے کھیل ،کھیل رہے ہیں ، غیر یقینی صورتحال ملکی معیشت کو دن بدن کھو کھلا کر رہی ہے غریب عوام آٹا ،گھی، چینی کے حصول کے لئے قطاروں میں لگے ہوئے ہیں حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں بری طرح نا کام ہو چکی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر ضلع کچہری میں جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی کڑی شرائط مان لینے سے مہنگائی کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے جبکہ منی بجٹ نے پہلے ہی عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے روزانہ کی بنیاد پر مہنگائی میں اضافہ کر کے سفید پوش طبقات کی خواہشات کو زندہ درگور کرکے رکھ دیا ہے۔ تجربہ کاری کے دعویداروں نے اقتدار میں آکر روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی بجائے بھوک ، افلاس تقسیم کیں۔ بجلی پرفی یونٹ فکس سر چارج کی منظوری سے عوام پر مزید بوجھ پڑے گا حکمران غیر ملکی آقاؤں کی خوشنودی حاصل کرنے کی خاطر عوامی مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں اور برآمدی شعبہ کے لئے سبسڈی ختم کرنے سے جہاں غریب کاشتکاروں کی کمر ٹوٹی ہے وہیں انڈسٹری بھی تباہ ہو چکی ہے ۔ امپورٹڈ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ایسی پالیسیاں مرتب نہ کریں جن سے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی آمدن کے ذرائع مخدوش اور اخراجات کا گراف آسمان سے باتیں کر رہا ہے، پی ڈی ایم حکومت کی ناکامیوں کی بنا پر غربت کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان 116 ممالک میں اس وقت 92 ویں نمبر پر ہے، ملک میں غربت کی شرح 47 فیصد ہو چکی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان نے آئین کا تحفظ کرتے ہوئے 14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کروانے کے جو احکامات دیئے ہیں ، اس فیصلے کو پی ٹی آئی من عن تسلیم کرتی ہے، 15 مئی کا سورج پی ٹی آئی کی جیت کی نوید لیکر طلوع ہوگا۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.