جہلم میں آڑھتی سبزی و فروٹ عام دکانداروں کو مہنگے داموں فروخت کرنے لگے

جہلم: سبزی منڈی میں بولی کے بعد آڑھتی سبزی و فروٹ عام دکانداروں کو مہنگے داموں فروخت کرنے لگے، منڈی سے سبزی و فروٹ فروش مہنگے داموں سبزیاں، فروٹ خریدنے پر مجبور، عام صارف بھی سرکاری نرخ ناموں کے برعکس مہنگی سبزیاں و فروٹ خریدنے پر مجبور ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صبح سویرے منڈی میں آڑھتی بولی سے قبل سستے داموں سبزی و فروٹ خرید لیتے ہیں لیکن چھوٹے دکانداروں کو اس سے کئی گنا مہنگے داموں سبزی و فروٹ فروخت کرتے ہیں ۔
اس حوالے سے چھوٹے دکانداروں کا کہنا ہے کہ علی الصبح انتظامیہ کی جانب سے منڈی میں کوئی ذمہ دار موجود نہیں ہوتا جس کی وجہ سے آڑھتی من مرضی کے نرخ مقرر کرکے سبزیاں و فروخت کرتے ہیں ، دکاندار مہنگے داموں سبزیاں و فروٹ خرید کر سرکاری نامے کے مطابق کسی صورت فروخت نہیں کر سکتے جبکہ نرخ نامے دن 11 بجے کے بعد دکانداروں کو دئیے جاتے ہیں جس میں سرکاری نرخوں میں نرخ بہت کم دکھائے جاتے ہیں اسی وجہ سے عام صارف اور دکاندار کے درمیان توں تکرار ہونا روزانہ کا معمول بن چکا ہے۔
دکانداروں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جب بولی کے وقت ضلعی انتظامیہ کے ذمہ دار موجود نہیں ہونگے تو سبزی وفروٹ منڈی میں آڑھتی کسی صورت سستی اشیاء فروخت نہیں کریں گے۔ چھوٹے دکانداروں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیاہے کہ سستی اشیاء کی فروخت کے لئے انتظامیہ اپنے نمائندے سبزی و فروٹ منڈی میں بھجوائیں جو بولی کے وقت نرخوں کو مانیٹر کریں تاکہ عام صارفین کو سرکاری نرخوں کے مطابق سبزیاں و فروٹ فروخت کئے جا سکیں۔