رمضان المبارک؛ پولیس عادی گداگروں، جعلی خواجہ سراؤں و جعلی معذور عناصر کو گرفتار کرنے میں ناکام

0 60

جہلم: ضلعی پولیس، ٹریفک پولیس رمضان المبارک میں عادی گداگروں، جعلی خواجہ سراؤں و جعلی معذور عناصر کو گرفتار کرنے میں مکمل ناکام ، بھیک مانگنے والوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ، انتظامیہ خواب خرگوش کے مزے لینے میں مصروف ، شہریوں نے آئی جی پنجاب، آرپی او ، راولپنڈی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور گردونواح میں ماہ ِ صیام سے قبل ہی عادی گداگروں ، جعلی خواجہ سراؤں، جعلی معذور عناصر نے شہر کے گلی محلوں میں بھیک مانگنا شروع کررکھاہے جبکہ ریلوے روڈ، شاندار چوک، نیا بازار، چوک گنبد والی مسجد، تحصیل روڈ، ضلع کچہری ، جنرل بس اسٹینڈ، سول ہسپتال سمیت دیگر بازاروں چوک چوراہوں میں بھکاریوں کے جھنڈ شہریوں کو تنگ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ گدا گروں میں خوبرو بھکارنیں خود ساختہ خواجہ سراء اور جعلی معذور افراد سڑکوں پر شہریوں کی ہمدردیاں حاصل کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں ۔ خود ساختہ بھکاریوں نے انتظامیہ کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی غرض سے چند اشیاء ہاتھوں میں تھام رکھی ہوتی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ بھکاری نہیں بلکہ محنت مزدوری کرنے والے لوگ ہیں جبکہ شہریوں کے قریب جاتے ہیں بھکاری اپنے اصل روپ میں آجاتے ہیں اور صدقہ ، فطرانہ ، زکٰوۃ مانگنا شروع کر دیتے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بھکاریوں کی ٹولیاں علی الصبح گھروں کے دروازوں پر دستک دینا شروع کر دیتی ہیں جس سے روزہ داروں کی نیند بھی خراب ہو جاتی ہے۔ شہریوں نے آئی جی پنجاب ، آر پی او، راولپنڈی سے مطالبہ کیاہے کہ شہر اور گردونواح میں بھکاریوں کے خلاف گدا گری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں تاکہ اصل حقداروں کو ان کا حق مل سکے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.