انتخابات کے علاوہ دوسرا کو ئی راستہ نہیں ہے۔ چوہدری غلام احمد زمرد

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر چوہدری غلام احمد زمرد نے کہا ہے کہ لاہور میں جس طرح عوام نے عمران خان کے مینار پاکستان جلسہ میں شرکت کی اس سے امپورٹڈ حکمران بوکھلا ہٹ کا شکار نظر آئے، عمران خان ملک کے نمبرون لیڈر ہیں جن کیلئے قوم خون تک بہانے کے لئے تیار ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہلم پریس کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکمران جلد از جلد انتخابات کروائیں، انتخابات کے علاوہ دوسرا کو ئی راستہ نہیں، عمران خان پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں۔
چوہدری غلام احمد زمرد نے کہا کہ مینار پاکستان میں جس طرح پاکستانی عوام نے پاکستان تحریک انصا ف کے جلسے میں کی اس سے ثابت ہو گیا ہے کہ قوم عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے الیکشن جب بھی ہوئے این اے 61 اور 62 اور حلقہ پی پی 25,26,27 سے پی ٹی آئی کے نامزد بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ سابق وفاقی وزیر فواد حسین چوہدری نے ضلع جہلم میں اربوں روپے کے ترقیات منصوبے شروع کروائے جن میں سے بیشتر منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ امپورٹڈ حکمرانوں نے جان بوجھ کر ترقیاتی کاموں کے فنڈز روک رکھے ہیں۔ فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے ترقیاتی کام ادھورے پڑے ہیں۔
چوہدری غلام احمد زمرد نے کہا کہ پی ٹی آئی دوبارہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور ادھورے کاموں کو دوبارہ مکمل کروایا جائے گا۔