ضلع جہلم میں مفت آٹے کی تقسیم کا سلسلہ بلاتعطل جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر سمیع اللہ فاروق

جہلم: ضلع جہلم میں مفت آٹے کی تقسیم کا سلسلہ بلاتعطل جاری ہے، جس کے لیے ضلع بھر میں 8میگا ڈسٹری بیوشن سنٹرز قائم کیے گئے ہیں اس کے علاوہ تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر بھی مفت آٹا دستیاب ہے۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے مختلف پوائنٹس کی چیکنگ کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ تمام مستحق افراد کو آٹے کی فراہمی تک ضلع انتظامیہ متحرک رہے گی آٹے کے پوائنٹس پر شہریوں کے لئے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے یوٹیلٹی سٹورز، ٹرکنگ پوائنٹس کا دورہ کرتے ہوئے وہاں تعینات عملہ سے آٹے کی ترسیل اور شہریوں کو تقسیم کرنے کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے عملہ کو ہدایت کی کہ آپ کے پاس تمام سہولیات موجود ہیں لہٰذا شہریوں کوعزت واحترام سے بٹھا کر ان کے شناختی کارڈ چیک کرکے مفت آٹا فراہم کریں، کوئی مستحق شخص آٹے سے محروم نہ رہے۔