سگریٹ کے نعم البدل تمباکو کی جدید مصنوعات نوجوانوں کیلئے تباہ کن ثابت ہو رہی ہیں۔ سماجی حلقے

جہلم: سگریٹ کے نعم البدل تمباکو کی جدید مصنوعات نوجوانوں کے لئے تباہ کن ثابت ہو رہی ہیں، سگریٹ کے علاوہ تمباکو کی نئی مصنوعات ای سگریٹ، نکوٹین پاؤ چز، ویپنگ اور چیونگم سے پھیپھڑوں کی سوزش اور سانس کی بیماریاں پیدا ہو رہی ہیں۔
تمباکو نوشی کے خلاف کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں کے عمائدین نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں روزانہ 1200 سے زائد بچے سگریٹ نوشی شروع کرتے ہیں جبکہ ہر سال ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد تمباکو سے پھیلنے والی بیماریوں کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سگریٹ کے علاوہ تمباکو کی نئی مصنوعات (ای سگریٹ، نکوٹین پاؤچز، ویپنگ اور چیونگم ) بھی پاکستانی مارکیٹ میں آسانی سے دستیاب ہیں جو نو جوانوں کے لیے تباہ کن ہیں۔ تمباکو کی جدید پراڈکٹس میں نیکوٹین شامل ہوتی ہے جو کہ نشہ کی بہت سی دوسری اقسام میں سے ایک ہے۔ نکوٹین نوجوان نسل میں جسمانی اور ذہنی صحت کے سنگین مسائل پیدا کر سکتی ہے۔