پلاسٹک بیگ (شاپر) انسانی صحت کیلئے مضر اور ماحول کو آلودہ کرنے لگے، انتظامیہ خاموش

جہلم: پلاسٹک بیگ شاپر انسانی صحت کے لئے مضر اور ماحول کو آلودہ کرنے لگے۔انتظامیہ خاموش تماشائی ، شہریوں کا ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق آلودگی پھیلانے والے عناصر میں روزمرہ ضروریات زندگی کے طور پر استعمال کیے جانے والے پلاسٹک کے شاپنگ بیگ (شاپر) بھی شامل ہیں۔ شہر ہو یا گاؤں محلہ ہو یا کوئی بڑی ہاؤسنگ سوسائٹی، ہر جگہ شاپنگ بیگز اڑتے پھر تے اور گندے پانی کے نالوں میں تیرتے نظر آتے ہیں۔
شہر سمیت ضلع بھر میں فضائی اور ماحولیاتی آلودگی تیزی سے بڑھ رہی ہے جس کی ذمہ داری کسی حد تک شہریوں پر بھی عائد ہوتی ہے۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق شہریوں کو چاہیے کہ گھروں میں صفائی کرنے کے بعد شاپنگ بیگز وغیرہ نالوں میں پھینکنے کی بجائے زیر زمین دفن کریں تاکہ ماحول کو صاف ستھرا آلودگی سے بچایا جا سکے جس سے انسانی صحت پر مرتب ہونے والے اثرات کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ آلودگی کا باعث بننے والے ادارے اور فیکٹری مالکان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہری مضر صحت بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں ۔