صوبائی الیکشن 2023؛ جہلم کے امیدواروں نے پارٹی ٹکٹس کے حصول کیلئے جدوجہد تیز کر دی

جہلم: پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کے سلسلہ میں کاغذات نامزدگی کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد تین بڑی سیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے امیدوار اپنی اپنی پارٹیوں سے ٹکٹس حاصل کرنے کیلئے جدوجہد شروع کر دی۔
جہلم کے صوبائی حلقہ پی پی 25، 26، 27 سے پاکستان تحریک انصاف کے تین، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تین اور پاکستان پیپلز پارٹی کے تین امیدواروں اور پاکستان تحریک لبیک کے تین امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کروا رکھے ہیں، تمام کے تمام امیدوار پارٹی ٹکٹس ملنے کیلئے خاصے پر امید نظر آتے ہیں۔
چوہدری فواد حسین کا تعلق پی ٹی آئی جبکہ مد مقابل چوہدری ندیم خادم کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سابق وفاقی وزیر فواد حسین چوہدری، ممبر قومی اسمبلی رہ چکے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سابق ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری ندیم خادم بھی اس سے قبل 2013ء میں ممبر صوبائی اسمبلی رہ چکے ہیں ۔
حلقہ پی پی 26 میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری ظفر اقبال ان کے مدمقابل پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما چوہدری لال حسین بھی 2013 میں ممبر صوبائی اسمبلی رہ چکے ہیں ۔ گھرمالہ خاندان کا تعلق میاں نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔
سابق وفاقی وزیر فواد حسین چوہدری، عمران خان کے دست ِ راست تصور کئے جاتے ہیں۔ تاہم مسلم لیگ ن، پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں نے اپنی ہی جماعت کے امیدواروں کے خلاف درخواستیں جمع کروارکھی ہیں اور تمام امیدواروں کو اس بات کا یقین ہے کہ ان کی جماعت انہیں ٹکٹ جاری کرے گی۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ نگران حکومت فی الحال الیکشن کے موڈ میں نظر نہیں آ رہی، تاہم امیدواروں نے اپنے ڈیرے آباد کر لئے ہیں اور امیدواروں کے ڈیروں پر گہما گہمی دکھائی دیتی ہے۔