جہلم شہر میں بھاری گاڑیوں کے داخلے سے شہر میں ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا

جہلم: اندرون شہر میں بھاری گاڑیوں کے داخلے سے شہر میں ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا، پابندی کے باوجود بھاری گاڑیوں کے داخلے پر عملدرآمد نہ ہو سکا، شہریوں کا ڈی پی او، ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں ٹریفک کے مسائل تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور اندرون شہر کے چوک چوراہوں میں ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ہے۔ بڑے تاجروں کے گودام شہر کے اندر موجود ہیں جس کے باعث بھاری گاڑیوں جن میں ٹرک ، مزدہ، ٹریکٹر، ٹرالیاں، فورڈ ویگنز گوداموں کے سامنے کھڑے ہونے کے باعث ٹریفک جام ہو جاتی ہے جس سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ٹریفک پولیس کے ذمہ داران کی آشیر باد اورملی بھگت کی وجہ سے بااثر ٹرانسپورٹرز بھاری گاڑیاں دن بھر شہر کی سٹرکوں سے گزارتے ہیں جنہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔
شہریوں نے ڈی پی او، ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے اندر بھاری گاڑیوں کے داخلے پر عائد پابندی پر عملدرآمد کے لئے ٹریفک پولیس کو پابند بنایا جائے تاکہ شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔