قومی زبان پاکستان کے تمام سرکاری اداروں میں نافذ کی جائے۔ عبدالرؤف چوہدری ایڈووکیٹ

جہلم: ہائی کورٹ کے معروف قانون دان عبد الرؤف چوہدری نے عدالت عالیہ کو تحریری درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ قومی زبان پاکستان کے تمام سرکاری اداروں میں نافذ کی جائے کیونکہ کوئی بھی ملک اپنی قومی زبان کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا اور دنیا میں کوئی ایک بھی ایسی قوم نہیں جس نے کسی دوسرے کی زبان میں علم حاصل کیا ہو اور ترقی کی ہو۔ قومی زبان کا نفاذ آئینی اور قانونی تقاضا ہے۔ قومی زبان کا نفاذ نہ ہونے کی وجہ سے ملک میں عام لوگوں کی اکثریت سرکاری اداروں کی عام لوگوں سے انگریزی زبان میں خط و کتابت کی وجہ سے تکلیف میں مبتلا ہیں ، کیونکہ عام لوگوں کی اکثریت انگریزی زبان کو پڑھنے اور سمجھنے کی صلاحیت نہیں رکھتی اس لیے اکثریت احساس محرومی کا شکار ہے۔ نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے کہ تنگی دور کر دو اور آسانی پیدا کرو۔ قومی زبان کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس لیے معزز عدالت سے انتہائی مؤدبانہ تحریری طور پر مطالبہ کرتے ہیں کہ قومی زبان کے سلسلے میں احکامات جاری کیے جائیں تاکہ عام عوام کے مسائل حل ہو سکیں ۔