جہلم: شہری اپنی ذمہ داریوں سے نا آشنا، جگہ جگہ گندگی، آوارہ کتوں کی تعداد میں ان گنت اضافہ

جہلم: شہری اپنے ذمہ داریوں سے نا آشنا، شہر میں جگہ جگہ گندگی کوڑے کرکٹ کے ڈھیر آوارہ کتوں کی تعداد میں ان گنت اضافہ، شہری تنظیموں کے عمائدین نے شہریوں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق شہریوں نے اپنے گھروں کی حفاظت کے لئے کتوں کو پال رکھا ہے لیکن انہیں گھروں میں باندھنے کی بجائے گلی محلوں میں کھلے عام چھوڑ دیاجاتا ہے جس کیوجہ سے بچے ، بوڑھے، خواتین گلیوں میں سے گزرنے میں خوف محسوس کرتے ہیں ، اکثر اوقات یہ کتے معصوم بچوں، بزرگوں کے پیچھے بھاگنا شروع کر دیتے ہیں۔
شہریوں کے احتجاج کرنے پر بااثر افراد اپنے اثر رسوخ دکھاتے ہوئے سادہ لوح شہریوں کوخاموش کروادیتے ہیں ، دوسری جانب انتظامیہ آوارہ کتوں کے سد باب کے لئے کچھ نہیں کر رہی ، جس کے باعث گلی محلوں میں کتوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہاہے۔
دوسری جانب شہری گھروں کی گندگی فلتھ ڈپوؤں میں پھینکنے کی بجائے گلی محلوں کے نالوں اور خالی پلاٹوں، سڑک کے کنارے پھینک کر اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ ہو جاتے ہیں ، جس کے باعث گلی محلوں میں گندگی کے ڈھیر لگ چکے ہیں جس سے بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
شہری تنظیموں کے عمائدین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد کرنے کی بجائے شہری بھی اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں تاکہ گلی محلوں سے گندگی سمیت کتوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔