فواد چوہدری صوبائی اسمبلی کی نشست جیت کر دوبارہ ترقیاتی کاموں پر کام شروع کروائیں گے۔ فراز چوہدری

0 88

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی رہنما فراز حسین چوہدری نے کہا ہے کہ ضلع میں جو سیاسی سماجی اور بہترین عوامی خدمات پر مبنی ہمارا تاریخی کردار ہے، وہ سب کے سامنے ہے، ہم نے کبھی عوام کو دھوکہ نہیں دیا، جب بھی کوئی مشکل سے مشکل مرحلہ آیا تو عوامی حقوق کیلئے ڈنکے کی چوٹ پر عوامی حقوق کا تحفظ کر کے دکھا یا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وفاقی وزیر فواد حسین چوہدری کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروانے کے بعد اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے، تاہم ذمہ دار اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ملک کی موجودہ پریشان کن صورتحال جو کہ معاشی بد حالی کی شکل میں پورے ملک کیلئے سوہان روح بنی ہوئی ہے کو دلدل سے نکالنے کی خاطر ذمہ دارانہ کردار ادا کریں اور اپنے مثبت کردار سے ملک وقوم کو پریشانیوں سے چھٹکارہ دلائیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ تمام تر مشکلات اور سیاسی رسہ کشی کا ایک ہی حل ہے کہ ملک میں آزادانہ اور منصفانہ بنیادوں پر جلد از جلد شفاف انتخابات کروائے جائیں۔

فراز چوہدری نے کہا کہ سابق وفاقی وزیر فواد حسین چوہدری نے ضلع جہلم میں اربوں روپے کے منصوبے شروع کروا رکھے ہیں، فواد حسین چوہدری صوبائی اسمبلی کی نشست جیت کر دوبارہ ترقیاتی کاموں پر کام شروع کروائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 11 ماہ قبل رجیم چینج کے بعد جہلم لِلہ ڈیول کیرج وے، جلالپور کندوال نہرکے فنڈز روک کر علاقے کے عوام کے ساتھ گھناؤنا مذاق کیا تھا، پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت قائم ہونے کے ساتھ ہی فواد حسین چوہدری نے فنڈز کا اجراء کروایا۔

انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم کے عوام عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ بے پناہ محبت کرتے ہیں، پی ٹی آئی ضلع جہلم کی پانچوں نشستوں پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.