جہلم میں 22 سالہ نوجوان کو بے دردی سے قتل کر کے جلانے والے 6 ملزمان گرفتار

جہلم پولیس نے 22 سالہ نوجوان کو بے دردی سے قتل کر کے جلانے والے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان نے لاش کو ٹھکانے لگانے کے لیے مقتول کے جسم کو مختلف حصوں میں کاٹ کر جلا دیا تھا، ملزمان نے اعتراف جرم کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں 22 سالہ نوجوان کو بے دردی سے قتل کر کے لاش کو جلانے والی دو خواتین سمیت 6 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے غیرت کے نام پر شعیب حسن کو قتل کیا اور تیز دھار آلے سے مقتول کے جسم کو کاٹ کر آگ سے جلا دیا گیا مقتول 28فروری کو گھر سے اچانک لاپتہ ہوا اور 2مارچ کو جلی ہوئی لاش کھائی سے برامد ہوئی تھی۔ ملزم تیمور کو شک تھا کہ مقتول شعیب حسن کا اس کی بہن سے ناجائز تعلق ہے۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے وقوعہ کے روز خود جائے وقوعہ کا دورہ کرکے ایس ایچ او چوٹالہ کو ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیا تھا،گرفتار ملزمان میں نعیم اختر، احتشام قیصر، شبانہ پروین، رضوانہ پروین، رخسانہ بی بی اور تیمور شامل ہیں۔
ملزمان کو جدید سائنسی طریقہ کار سے ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا،ملزمان سے دوران بر ریمانڈ جسمانی مزید تفتیش عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے، سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاری انصاف کی فراہمی کیلئے سنگ میل ہے۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کی ایس ایچ او چوٹالہ اور ٹیم کو شاباش دی۔