ڈی پی او اور صدر جہلم چیمبر کی قیادت میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد اور آگاہی کیلئے واک کا اہتمام

0 69

جہلم: ڈی پی او جہلم ناصرمحمود باجوہ اور صدر جہلم چیمبر آف کامرس ملک خاور شہزاد کی قیادت میں ٹریفک کے قوانین پر عمل درآمد کرانے اور آگاہی کے لیے میونسپل کمیٹی کے دفتر سے شاندار چوک تک واک کا اہتمام تاجر برادری کی کثیر تعداد میں شرکت۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم ناصرمحمود باجوہ اور صدر جہلم چیمبر آف کامرس ملک خاور شہزاد کی قیادت میں ٹریفک کے قوانین پر عمل درآمد کرانے اور آگاہی کے لیے میونسپل کمیٹی کے دفتر سے شاندار چوک تک واک کا اہتمام کیا گیا جس میں تاجر برادری کی کثیر تعدادنے شرکت کی ڈی پی او ناصرمحمود باجوہ نے شہریوں میں ہیلمٹ کے استعمال، ریئر ویو مرر، فرنٹ لائٹس، اشارے اور ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی کے لئے پمفلٹ تقسیم کئے۔

اس موقع پر ڈی پی او ناصرمحمود باجوہ نے کہا کہ ٹریفک پولیس شہر اور ضلع بھر میں ٹریفک کے نظام کو برقرار رکھنے کے لیے بھر پور کوشش کر رہی ہے۔ ٹریفک پولیس قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے چالان اور جرمانے کرتی ہے لیکن لوگوں میں ٹریفک قوانین سے آگاہی نہ ہونے کے باعث ٹریفک کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔آگاہی مہم کا مقصد شہریوں میں شعور پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کرنا ہر شہری کا فرض ہے۔ہم اس آگاہی مہم کے ذریعے شہریوں کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔

صدر جہلم چیمبر آف کامرس ملک خاور شہزادنے کہا کہ شہری بغیر ہیلمٹ اور ریئر ویو مرر کے موٹرسائیکل چلانے سے گریز کریں، ہائی ویز پر ہمیشہ غلط پارکنگ کی حوصلہ شکنی کریں، سیٹ بیلٹ کے بغیر گاڑی چلانے اور حادثات سے بچنے کے لیے ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے کی حوصلہ شکنی کریں۔

ریلی میں شرکت کرنے والوں میں سینئر نائب صدر مظہر اکرام، نائب صدر حافظ غلام مصطفی، سابق صدر عرفان لطیف قریشی، سابق صدر شکیل احمد چوہدری، چیئرمین یو وی جی راجہ سجاد اختر، ایگزیکٹو ممبر زاہد عمران چوہان، ایگزیکٹو ممبر شیخ اسلام الدین سیکرٹری جنرل اسامہ راشد ڈار اور دیگرموجود تھے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.