قومی وسائل کی لوٹ مار کے بعد توشہ خانہ نے تمام لیڈروں کے چہروں کو بے نقاب کر دیا۔ سماجی حلقے

جہلم: شہر کی سماجی تنظیموں کے عمائدین نے کہا ہے کہ قومی وسائل کی لوٹ مار کے بعد توشہ خانہ نے تمام لیڈروں کے چہروں کو بے نقاب کر دیا ہے، تو شہ خانہ کی قیمتی اشیا کو اونے پونے داموں خرید کر مہنگے داموں فروخت کرنے والے بد دیانتی کے مرتکب ہوئے ہیں، تو شہ خانے سے مستفید ہونے والے حکمران اور ان کے بچوں کو عوام کی نمائندگی کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔
ان خیالات کا اظہار شہر کی سماجی ، رفاعی ، فلاحی تنظیموں کے عمائدین نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تو شہ خانہ کے حمام میں محض1/2 جماعتوں کے علاوہ پی ڈی ایم ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے تمام لیڈر ہی ننگے کر دیئے گئے ہیں، عوام ان نام نہاد لیڈروں کے بھیانک چہروں کو پہچان چکے ہیں اور آئندہ انتخابات میں انھیں ووٹ کی قوت سے مسترد کر دیںگے ۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے ہر شخص پریشان ہے، کرپٹ اشرافیہ کی صورت عوام کو کچھ نہیں دیں گے ، عمائدین نے نامکمل تو شہ خانہ کا ریکارڈ منظر عام پر لانے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ توشہ خانہ کا مکمل ریکارڈ منظر عام پر لایا جائے سیاست دانوں کے ساتھ ساتھ سرکاری افسران کا ریکارڈ بھی سب کے سامنے آنا چاہئیے تو شہ خانہ کے تحائف کی اونے پونے داموں خرید و فروخت کرنے والے چہروں کو عوام کے سامنے بے نقاب ہو نا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اب اس پر سیاست کرنے والوں کو شرم سے ڈوب مرنا چاہئیے ایسے سیاسی لیڈروں کو قوم سے معافی مانگنی چاہئیے جنہوں نے مہنگے ترین تحائف خود اور اپنے کارندوں کو ا ونے پونے داموں لیکر دیئے ، بعض تو ایسی شخصیات بھی منظر عام پر آئی ہیں جنہوں نے اسے مال غنیمت سمجھ کر بغیر ادا ئیگی کے مال مفت دل بے رحم کے مصداق ساتھ لے گئے۔
عمائدین کا کہنا تھا کہ 2002 سے قبل کا ریکارڈ بھی منظر عام پر لایا جائے اور ایسا قانون بنایا جائے کہ کوئی بھی سیاسی شخصیت ان کو نہ لے سکے بلکہ انہیں یا تو تو شہ خانہ میں ہی رکھا جائے یا پھر اس کی باضابطہ نیلامی کر کے بھاری رقم کے عوض فروخت کئے جائیں تاکہ ملکی خزانے میں اضافہ ہو سکے۔