جہلم میں زمین کے تنازعہ پر بھائی نے بڑے بھائی اور 2 بھتیجوں کو قتل کر دیا، ایک بھتیجا زخمی

0 266

جہلم: تھانہ چوٹالہ کے علاقہ ملوٹ کے مقام پر گاڑی پر فائرنگ،تین افراد قتل جبکہ ایک زخمی ہو گیا، نعشوں اور زخمی کو ریسکیو 1122 کے عملے نے سول اسپتال منتقل کردیا، ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کا نوٹس، ملزمان کی گرفتاری کیلئے 2 ٹیمیں تشکیل دے دیں گئیں۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کے علاقہ ملوٹ کے مقام پر گھات لگائے نامعلوم ملزمان نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار راجہ بشیر ولد راجہ عجائب ، راجہ دانیال ، راجہ زریاب ، پسران راجہ بشیر موقع پر گولیاں لگنے سے جاں بحق ہو گئے جبکہ راجہ بلال ولد راجہ بشیر زخمی ہو گیا جسے فوری طبی امداد کے لئے سول ہسپتال جہلم منتقل کر دیاگیا۔

باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ راجہ بشیر کا اپنے حقیقی بھائی راجہ سہیل کے ساتھ زمین کا تنازع چل رہا تھا، درینہ دشمنی کی بناء پر یہ وقوعہ پیش آیا ہے ۔

تھانہ چوٹالہ کے علاقہ میں فائرنگ سے 3 شہریوں کے قتل ہونے کے واقعہ پر ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او جہلم نے ڈی ایچ کیو ہسپتال اور موقعہ کا دورہ کیا۔ ڈی ایس پی صدر، ایس ایچ او چوٹالہ اور ٹیم نے نعشوں اور زخمی کو تحویل میں لے کر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کروایا۔

ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے 2 ٹیمیں تشکیل دے دیں، ایک ٹیم میں ڈی ایس پی صدر اور ایس ایچ او چوٹالہ جبکہ دوسری ٹیم میں ڈی ایس پی سٹی اور انچارج سی آئی اے شامل ہیں، انچارج آئی ٹی سیل دونوں ٹیموں کی تکنیکی معاونت کر رہے ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لیے ریڈنگ پارٹیز چھاپے مار رہی ہیں۔

ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.