جہلم میں نامعلوم چور شہری کے گھر سے طلائی زیورات اور نقدی چوری کر کے فرار

جہلم: تھانہ سول لائن کے علاقہ بلال ٹاؤن میں لاکھوں روپے کے طلائی زیورات اور لاکھوں کی نقدی چوری کر لئے گئے۔
بلال ٹاؤن کے رہائشی ناصر نواز کیانی ولد رب نواز کیانی نے تھانہ سول لائن میں درخواست دیتے ہوئے موقف اختیا رکیا کہ میں بلال ٹاؤن کا رہائشی و سکونتی ہوں اور مین بازار جہلم میں کاسمیٹکس کی دوکان بنارکھی ہے میرا حقیقی بھائی آصف نواز کیانی ولد رب نواز کیانی سکنہ بلال ٹاؤن بیرون ملک دبئی ہو تا ہے۔
ناصر نواز کیانے درخواست میں بتایا کہ میری بھا بھی مسماۃ مسرت بیگم زوجہ آصف نواز کیانی مورخہ 12 مارچ 2023 کو قریب 12/30 بجے رات اپنے گھر کی تالہ بندی کر کے میرے گھر چلے آئے صبح سوا 6 بجے میں واک کے لئے نکلا تو میرے بھائی کے گھر کا دروازہ کھلا ہوا تھا میں اندر داخل ہو گیا تو تمام دروازے کھلے ہوئے تھے اور کمروں کے اندر سامان بکھرا پڑا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پڑتال کرنے پر معلوم ہوا کہ طلائی زیورات جن میں گانی سیٹ 2 عدد طلائی چوڑیاں 2 عدد انگوٹھیاں زنانہ 7 عدد چین زنانہ 5 عدد بریسلٹ 3 عدد بالیاں 5 جوڑیاں اور نقدر قم مبلغ10 لاکھ روپے غائب پائے گئے نامعلوم چور شب گزشتہ میرے بھائی کے گھر چوری کر کے طلائی زیورات اور نقدی لے گئے ہیں۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔