رمضان سے قبل ہی ضلع جہلم میں سبزی، فروٹ اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

جہلم: رمضان سے قبل ہی ضلع بھرمیں سبزی فروٹس اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، دکانداروں اور ریڑھی بانوں نے سرکاری نرخ نامے خاطر میں نہ لاتے ہوئے من مانی قیمتوں پر فروخت شروع کررکھی ہے۔ پرائس کنڑول مجسٹریٹس کی ناقص کارکردگی پرشہری سراپا احتجاج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شہر و ضلع بھر میں قیمتوں کو مستحکم کرنے اور عام آدمی کو مکمل ریلیف فراہم کرنے اور مافیا کے بے لگام گھوڑے کو نکیل ڈالنے میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بری طرح ناکام دکھائی دیتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ماہ صیام کے آغاز میں محض چند روز باقی ہیں گراں فروشوں اور زخیرہ اندوزوں نے رمضان سے قبل ہی لوٹ مار کے لئے کمر کس لی ہے۔ سرکاری نرخناموں کو ہوا میں اڑاتے ہوئے گراں فروشوں نے من مرضی کے نرخ وصول کرنے شروع کررکھے ہیں اگر کوئی صارف دکانداروں سے ریٹ لسٹ کے مطابق اشیاء خوردونوش فروخت کرنے کا اصرار کرے تو دکاندار سبزیوں فروٹس کو ڈالر سے تشبیہ دیکر خاموش کروا دیتے ہیں۔
صارفین نے اخبار نویسوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی عدم دلچسپی کی وجہ سے گراں فروشوں نے اپنی الگ ریاست قائم کر رکھی ہے، انتظامیہ سب کچھ جاننے کے باوجود ٹس سے مس نہیں ہورہے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع جہلم میں نافذ جنگل کے قانون کے خاتمے کے لئے فرض شناس ایماندار افسران کو تعینات کیاجائے تا کہ شہری حکومت کے مقرر کردہ نرخوں کے مطابق اشیاء خوردونوش خریدکر اپنی سفید پوشی کا بھرم قائم رکھ سکیں۔