ڈپٹی کمشنر جہلم کا صدر انجمن تاجران جہلم کے ہمراہ بازار کا دورہ، مختلف دوکانداروں سے ملاقات کی

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کا صدر انجمن تاجران جہلم کے ہمراہ بازار کا دورہ، مختلف دوکانداروں سے ملاقات کی، تجاوزات کو رضا کارانہ طور پر ختم کر دیں ضلعی انتظامیہ بہت جلد تجاوزات کے خلاف آپریشن کرئے گی پھر کسی قسم کی رعایت نہیں ہو گی صدر انجمن تاجران ملک اقبال کی مکمل تعاون کی یقین دہانی۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے اسسٹنٹ کمشنر جہلم اور دیگر افسران کے ساتھ مرکزی بازار کا دورہ کیا جہاں انہوں نے انجمن تاجران کے ممبران سے ملاقات کی۔ صدر انجمن تاجران ملک اقبال کے ہمراہ بازار کا دورہ کیا اور مختلف دوکانداروں کے پاس جا کر ان کو دوکانوں کے سامنے تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بازار میں تجاوزات کی وجہ سے بہت مشکلات درپیش ہیں اور شہریوں کی شکایات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے کہا کہ آج تجاوزات کو مانیٹر کرنے اور آپ لوگوں سے ملاقات کرنے کے لیے میں خود آپ کے پاس آیا ہوں اور آپ سب کے تعاون سے ہی شہر میں تجاوزات اور ٹریفک جام جیسے مسائل کا حل ممکن ہے، ضلعی انتظامیہ ہفتے کے دن سے تجاوزات کے خلاف سخت ایکشن شروع کر رہی ہے جس میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
اس موقع پر انجمن تاجران کے ممبران نے ڈپٹی کمشنر کو اس سلسلہ میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔