جعلی صحافیوں کیخلاف با ضابطہ کریک ڈاؤن نگران وزیراعلیٰ کا احسن اقدام ہے۔ شہباز بٹ، چوہدری عابد محمود

0 57

جہلم: جعلی صحافیوں کیخلاف با ضابطہ کریک ڈاؤن نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کا انتہائی احسن اقدام ہے جس کو ورکنگ پروفیشنل صحافی بے حد سراہتے ہیں اور اس اقدام کی بھرپور حمائیت کرتے ہوئے انتظامیہ و دیگر اداروں کے ساتھ ہر طرح کے تعاون کیلئے بھی تیار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار جہلم پریس کلب کے صدر محمد شہباز بٹ ، صدر الیکٹرانک میڈیا چوہدری عابد محمود نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے لیکن سوشل میڈیا پر بلیک میلرز اور پی ڈی ایف اخبارات کے نمائندگان نے سادہ لوح شہریوں کو ویب چینل اور پی ڈی ایف اخبارات کے نام پر بلیک میل کر کے صحافت جیسے مقدس پیشے کو بدنام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پروفیشنل صحافیوں کو ہر علاقے کی مقامی انتظامیہ جانتی و پہچانتی ہے لیکن جعلی صحافیوں نے جن کے پاس نہ کوئی اخبار اور نہ ہی کوئی ٹی وی چینل ہوتا ہے اپنے غیر قانونی کاروبار کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ویب چینل کے ساتھ منسلک ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے معاشرے میں انتشار اور بلیک میلنگ میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر تیسرا شخص جسے صحافت کی الف ب بھی نہیں آتی ویب چینل اور پی ڈی ایف اخبارات کے ساتھ منسلک ہو کر عام لوگوں کیلئے پریشانی کا باعث بنے ہوئے ہیں ،جب تک گراس روٹ لیول تک ان کیخلاف کارروائیاں نہیں ہونگی تب تک صحافت جیسے مقدس پیشے کو بدنامی کے غول سے باہر نہیں نکالا جا سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جعلی صحافیوں نے اپنی موٹر سائیکلوں، گاڑیوں پر پریس، میڈیا کی نمبر پلیٹس آویزاں کر رکھی ہیں جو عام شہریوں کے ساتھ ساتھ اداروں کیلئے بھی پریشانی کا باعث اور کام کرنے والے صحافیوں کی بدنامی کا باعث بنتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب خود بھی شعبہ صحافت سے منسلک ہیں اور پاکستان کے بڑے میڈیا گروپ کودیکھ رہے ہیں ان کی جانب سے جعلی صحافیوں کیخلاف جاری کارروائیوں پر جہلم پریس کلب کے عہدیداران و ممبران انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اس عمل سے صحافت کے نام پر بلیک میلر عناصر کا قلع قمع ہو گا اور عوام کا ورکنگ صحافیوں پر اعتماد بحال ہوگا۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.