سکولوں میں فزیکل ایجوکیشن کی آسامیاں کم، طلباء و طالبات فزیکل ایجو کیشن کی تعلیم سے محروم

جہلم: شہرسمیت ضلع بھر کے ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں میں فزیکل ایجوکیشن کی آسامیاں کم ہونے کی وجہ سے طلباء و طالبات فزیکل ایجو کیشن کی تعلیم سے محروم، ضلع کے دیگر علاقوں سے فزیکل ایجو کیشن کی آسامیاں ہائی سکولوں میں منتقل کی جائیں۔ تعلیمی، سیاسی و سماجی حلقوں کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر کے تمام گرلز ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں میں ہزاروں کی تعداد میں طالبات زیر تعلیم ہیں صرف چند سکولز میں فزیکل ایجو کیشن کی آسامیاں موجود ہیں جبکہ باقی ماندہ سکولوں میں سرے سے فزیکل ایجو کیشن کی آسامیاں موجود ہی نہیں، ایک سکول میں طالبات کیلئے صرف ایک خاتون ٹیچر تعینات ہے۔
سکولوں میں فزیکل ایجوکیشن آسامیاں نہ ہونے اور فزیکل ایجوکیشن کی خاتون ٹیچرز کی عدم موجودگی کی وجہ سے سینکڑوں طالبات فزیکل ایجوکیشن سے پچھلے کئی برسوں سے محروم چلی آرہی ہیں، جس بارے متعدد بار محکمہ ایجوکیشن پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی توجہ تحریری و زبانی طور پر اس جانب مبذول کروائی گئی لیکن تا حال اس اہم مسئلے کو حل نہیں کیا جا سکا۔
ضلع بھر کے تعلیمی و سماجی اور والدین حلقوں نے محکمہ تعلیم اور دیگر اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔