جہلم میں 22 سالہ نوجوان کو تیز دھار آلے سے کاٹ کر جلا دیا گیا

جہلم میں انتہائی دردناک واقعہ، دو روز قبل پنڈسویکہ سے لاپتہ ہونے والے 22 سالہ نوجوان کو تیز دھار آلے سے کاٹ کر جلا دیا گیا، کھائی سے نعش برآمد کر لی گئی۔
پولیس کے مطابق جہلم کے علاقہ پنڈسویکہ سے دو روز قبل لاپتہ ہونے والے 22 سالہ نوجوان شعیب حسن کو بے دردری سے قتل کر دیا گیا، نوجوان کو زندہ جلا کر جسم کے تین حصے کیے گئے، مقتول شعیب حسن کا سر،پیٹ اور ٹانگیں ویران کھائی سے برآمد کر لی گئیں۔
مقتول 28 فروری کو فون پر بات کرتے ہوئے گھر سے باہر گیا تھا۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے خود موقع کا دورہ کیا، پولیس نے مقتول کی لاش کو پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا، تھانہ چوٹالہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے نامعلوم ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے دو ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، ایک ٹیم ایس ایچ او چوٹالہ کے زیر نگرانی تشکیل دی گئی جبکہ دوسری ٹیم انچارج سی آئی اے کی زیر نگرانی تشکیل دی گئی ہے، ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ خود اس معاملے کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ نامعلوم ملزمان کو جدید سائنٹفک طریقہ کار سے گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔