فواد چوہدری اور فیصل چوہدری کی مبینہ آڈیو لیک، فواد چوہدری نے تردید کر دی

جہلم: فواد چوہدری کی اپنے بھائی فیصل چوہدری سے گفتگو کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے مبینہ آڈیو لیک کی تردید کردی۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’ایک اور جعلی آڈیو میرے نام سے مارکیٹ میں پھینک دی گئی ہے، اس آڈیو کا مجھ سے کوئی تعلق نہیں‘۔
ایک اور جعلی آڈیو میرے نام سے مارکیٹ میں پھینک دی گئ ہے اس آڈیو کا میرے سے کوئ تعلق نہیں نہ ہی چیف جسٹس لاہور سے کبھی ملاقات ہوئ نہ ہی انھیں جسٹس مظاہر کی مدد کا کہا
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 3, 2023
ساتھ ہی انہوں نے مزید کہا کہ میری چیف جسٹس لاہور (ہائیکورٹ) سے کبھی ملاقات ہوئی نہ ہی انہیں جسٹس مظاہر کی مدد کا کہا’۔
خیال رہے کہ جمعے کے روز (آج) ٹوئٹر پر ایک آڈیو گردش کر رہی تھی جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ فواد چوہدری کی ان کے بھائی کے ساتھ مبینہ گفتگو ہے جس میں دو ججز سے رابطہ کرنے کا کہا جارہا ہے۔
38 سیکنڈز کی آڈیو میں مبینہ طور پر فواد چوہدری کو فیصل چوہدری سے کہتے سنا گیا کہ ’اچھا میں نے کہا کہ وہ جو اپنا چیف جسٹس لاہور ہے، وہ کہہ رہا ہے کہ میری بندیال سے کوئی جنرل کراؤ‘۔
مبینہ طور پر فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ’ٹھیک ہے نا دوسرے اپنے مظاہر کو ڈار صاحب کے ذریعے جو ہے نا، ان کے ساتھ، ان سے ذرا مل لیں‘۔
— indibell (@indibell_) March 3, 2023
مبینہ طور پر فواد چوہدی نے مزید کہا کہ ’ان کو کہو آپ کے پاس جو پورا ٹرک کھڑا ہے تو بتاؤ اس کا کیا کرنا ہے، میری ذاتی تجویز یہ ہے کہ یہ کر کے تارڑ پر 3-4 دفعہ استغاثے کراؤ‘۔
مزید کہا گیا کہ اس کے اوپر 228 لگادو تاکہ ان پر دباؤ تو آئے۔ جس کے بعد مبینہ طور پر فیصل چوہدری کہتے ہیں کہ ’میں صبح کرلوں گا‘۔
بعد ازاں اختتام پر فواد چوہدری کو مبینہ طور پر یہ کہتے سنا گیا کہ ’صبح ان سے پوچھ کر بتانا‘۔
دوسری جانب ایک ویڈیو انٹرویو میں فیصل چوہدری نے مبینہ آڈیو لیک پر کوئی واضح مؤقف دینے کے بجائے طنزیہ طور پر اس کا مذاق اڑایا۔