الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کی رکنیت بحال کر دی، این اے 67 میں ضمنی الیکشن معطل

الیکشن کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کے تحت سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین سمیت 32 اراکین کی قومی اسمبلی کی رکنیت بحال کرتے ہوئے حلقہ این اے 67 سمیت قومی اسمبلی کے 27 حلقوں میں ضمنی انتخابات معطل کردئیے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے 27 جنرل جبکہ 5 مخصوص سیٹوں پر خواتین اراکین اسمبلی کی رکنیت بحال کی ہے،ان میں جہلم، راولپنڈی، لاہور اور ملتان سے اراکین شامل ہیں، عالیہ حمزہ، کنول شوذب، عندلیب عباس، اسما حدید اور ملیکہ بخاری مخصوص نشستوں پر قومی اسمبلی کی رکن بنی تھیں۔
جن 27 حلقوں میں انتخابات ملتوی کئے گئے ان میں جہلم، راولپنڈی کے 6، فیصل آباد، خوشاب، لاہور، ملتان، وہاڑی، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان، لیہ، میانوالی، بھکر، خانیوال، حافظ آباد شامل ہیں، نوٹیفکیشن کے مطابق ان حلقوں میں منتخب ہونے والے شیخ رشید احمد، فواد چودھری، شفقت محمود، صداقت عباسی، غلام سرور، شیخ راشد شفیق، شاہ محمود قریشی، عامر ڈوگر، زرتاج گل، خرم شہزاد، فیض اللہ کاموکا، سید فخر امام، شوکت علی بھٹی، امجد علی خان، کرامت علی، عامر محمود کیانی کی رکنیت بحال کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد کے 3 قومی اسمبلی حلقوں میں ضمنی الیکشن کی سرگرمیاں جاری رہیں گی،16مارچ کو پولنگ ہوگی، لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ اسلام آباد کی حدود پر لاگو نہیں ہوتا۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے 27حلقوں میں انتخابات 16 اور 19 مارچ کو شیڈول تھے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے قومی اسمبلی میں واپسی کے اعلان کے بعد سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی جانب سے طویل عرصہ بعد استعفوں کی منظوری کو تحریک انصاف کے اراکین نے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
دریں اثنا الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو 6 نشستوں سے ڈی نوٹیفائی کردیا،نوٹیفکیشن کے مطابق عمران خان این اے 45 کرم سے رکن قومی اسمبلی رہیں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق آئین کے تحت زیادہ نشستوں پر جیتنے والا ایک سیٹ ہی رکھ سکتا ہے۔
انتخابی نتیجہ جاری ہونے کے بعد 30 دن میں اضافی نشستوں سے مستعفی ہونا لازمی ہے، ازخود مستعفی نہ ہونے والا صرف اس نشست پر برقرار رہے گا جو سب سے آخر میں جیتی ہو اور عمران خان نے آخری نشست این اے 45کرم سے جیتی تھی۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان کی جیتی ہوئی 6 نشستیں خالی قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور،این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ اور این اے 239 کراچی سے عمران خان کی نشستیں خالی ہوگئیں۔
عمران خان نے 16 اکتوبر 2022 کو قومی اسمبلی کی 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی، بعد ازاں این اے 45 کے ضمنی الیکشن میں بھی عمران خان کامیاب ہوئے تھے۔