عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ لیاقت علی چٹھہ

0 53

جہلم: کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے ضلع جہلم کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس کمیٹی روم میں ضلع جہلم میں جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر انتظامی امور کے حوالے سے تمام محکموں کے سربراہان کے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن(ر) سمیع اللہ فاروق، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن سید نذارت شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، سی ای او ہیلتھ سمیت تمام محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کمشنر راولپنڈی کو ضلع جہلم کی تاریخ، ریونیو معاملات، ضمنی الیکشن، ڈیجیٹل مردم شماری، ترقیاتی منصوبوں، پرائس کنٹرول، للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے اور جلالپور ایریگیشن کنال منصوبے پر ہونے والی پہش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں اس وقت سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 66 سکیموں پر کام ہو رہا ہے۔ جن میں ہائی وے کی 35 سکیموں، بلڈنگ کی 11 سکیموں، پبلک ہیلتھ کی 13، لوکل گورنمنٹ کی2، آثار قدیمہ کی 3 سکیموں، سمال انڈسٹریز کی 1 سکیم اور محکمہ اوقاف کی 1 سکیم شامل ہے۔

اجلاس میں کمشنر راولپنڈی کو جلالپور ایریگیشن کنال اور للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت بارے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں ہیلتھ کونسل کو مزید موثر بنایا جائے، ممبرز کی تعداد 10 سے بڑھا کر 15 کی جائے تاکہ ہسپتالوں میں مریضوں کو مہیا کی جانے والی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ اپنے کام کو انسانیت کی خدمت سمجھ کر پوری دیانتداری سے کریں۔

کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ اپنے دفاتر میں کھلی کچہری نہ لگائیں بلکہ لوگوں کے درمیان جا کر بیٹھیں انکے مسائل دریافت کریں اور موقع پر ہی انکے مسائل حل کریں، عوام اور افسران کا درمیانی فاصلہ کم کیا جائے، افسران عبادت سمجھ کر لوگوں کی خدمت کریں، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.