اگر الف سے انار کی جگہ، الف سے انسانیت سکھائی جاتی تو زیادہ بہتر ہوتا۔ سید خلیل کاظمی

0 47

جہلم: اگر الف سے انار کی جگہ، الف سے انسانیت سکھائی جاتی تو زیادہ بہتر ہوتا کیونکہ انسانیت ایک بہت بڑا خزانہ ہے اسے لباس میں نہیں انسان میں تلاش کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار شہر کی معروف سماجی و مذہبی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے اخبار نویسوں سے جمعہ کی نماز کی ادائیگی کے بعد مدرسہ انجمن تعلیم السلام شمالی محلہ جہلم میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ اپنے بچوں کو انسانیت کا سبق پڑھا ئیں اور بتائیں کہ انسانیت کو زندگی کا لازمی جز بنائیں کیونکہ فرض اور واجب عبادتوں کے بعد سب سے خوبصورت عبادت دوسروں کا درد محسوس کرنا، اسے بانٹنا اور کسی کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی کچھ خوشیاں اور اللہ کی طرف سے عطا کی گئیں نعمتیں اوروں میں بھی تقسیم کیا کریں شاید ان کو زیادہ ضرورت ہو۔ آپ اپنی زندگی سے بھلے خوش نہ ہوں پر کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو آپ جیسی زندگی جینے کے لئے ترستے ہیں۔ قدرتی اصول ہے کہ جو چیز تقسیم کرو گے اْسی کی تمہارے پاس فراوانی ہو جائے گی، پھر وہ دولت ہو، علم ہو ، محبت ہو، یا آسانیاں بڑے بڑوں کی بڑی بڑی خدمت کرنے کی بجائے چھوٹے لوگوں کی چھوٹی چھوٹی ضرورتوں کو پورا کر دیا کریں،ان کی زبان سے نکلی ہوئی دعا سے آپ کی تقدیر بدل سکتی ہے۔

سید خلیل حسین کاظمی نے کہا کہ آگے بڑھ کر سہارا دینا سیکھیں دوسروں کے غم کو محسوس کرنا سیکھیں۔ اپنی اس ” میں ” کو ختم کرنا سیکھیں زندگی چند لمحوں کا کھیل ہے اس میں مسکرانا اور دوسروں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنا سیکھیں اور یہ تمام کام فقط اللہ کی رضا کے لئے ہوں۔

انہوں نے گفتگو کے آخر میں اللہ رب العزت سے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اے رب کائنات ہمیں دوسروں کے دْکھ درد بانٹنے کی توفیق عطا فرماء اور عاجزی انکساری، درگزر اور توبہ کرنے والے ان خاص بندوں میں شامل فرما جو تیری رضا کے آگے سر جھکاتے ہیں اور جن کو تو پسند کرتا ہے، اے اللہ ہماری زندگیوں میں آسانیاں پیدا فرما اور آسانیاں تقسیم کرنے کی توفیق عطا فرما، اے اللہ ہمارے عزیز ، دوستوں ، رشے داروں اور خیر خواہوں پر ہمیشہ خوشیوں کے پھول برسا تے ہوئے ہر بیماری سے شفاء عطاء فرما ، اچھی صحت کامل ایمان اور وسیع رزق عطا فرما، اپنے سوا کسی کا محتاج نہ کر، ہم میں محبت خلوص اتفاق ایثار پیدا فرما ،بیماروں کو شفاء کاملہ عاجلہ عطا فرما، مرحومین کی مغفرت فرما ، آمین ثم آمین یا رب العالمین۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.